کراچی(کامرس رپورٹر ): وزیراعظم کی ہدایت پرپٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جارہا۔ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا
وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کراچی میں میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام پربوجھ نہ ڈالنے کی ہدایت کی ہے اس لئے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے جومعاہدے کئے اس کے تحت پٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹراورڈیزل کی قیمت میں 150 روپے فی لیٹر بڑھانے پڑیں گے۔اسٹیٹ بینک کو شرح سود میں اضافہ کرنا پڑسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے 2 دن میں معاہدہ کرکے واپس آؤں گا۔ آئی ایم ایف سے سب کچھ لکھوا کرلاؤں گا۔ موجودہ حالات میں قوم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔عمران خان جو دھرنا دھرنا کھیل رہے ہیں اس سے ملک کو نقصان ہوگا۔ عمران خان کا لانگ مارچ فرح گوگی کو بچانے کے لئے ہے انہوں نے ہمیشہ ذاتی سیاست کو پاکستان کے مفاد پرترجیح دی ہے آج ملک میں ایندھن کا بحران عمران خان کی وجہ سے ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شوکت ترین بتائیں پیسے کہاں چھوڑ کرگئے ہیں۔عمران خان اورشوکت ترین کے معاہدوں کا نتیجہ ہم بھگت رہے ہیں۔ یہ جھوٹ بولتے ہیں اور کوئی پیسہ چھوڑ کرنہیں گئے۔ ہرجگہ بارودی سرنگیں بچھا کرگئے ہیں۔سابق حکومت نے گیس اورایل این جی کے معاہدے نہیں کئے اورکوئلہ نہیں لیا یہ نااہل ہیں۔ عمران خان کی وجہ سے کروڑوں افراد غربت میں گئے۔
مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے 21 ارب ڈالراگلے سال واپس کرنا ہیں۔ عمران خان ہردورمیں ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالتے رہے۔عثمان بزدار نے سیمنٹ کے 16 لائسنس بیچے۔ شہبازشریف نے 10 سال میں ایک بھی سیمنٹ کا لائسنس نہیں دیا۔لائسنس ان کو دیا گیا جن کا اس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔عمران خان بتائیں کہ انہوں نے فرح گوگی کو ٹرانسفرز کی اجازت دی تھی۔