لاہور(بیورو رپورٹ) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، پنجاب میں تحریک انصاف کی دوبارہ حکومت عمران خان کے بیانیے کی فتح ہے۔وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان وزیر اعلی میں ملاقات کی، ایوب آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر اور ایوب آفریدی نے چودھری پرویزالٰہی کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بیانیہ وطن کی محبت اور اداروں کی بالادستی پر مبنی ہے، عمران خان نے ہر پاکستانی کو آزاد قوم کا شعور دیا۔ چودھری پرویز الٰہینے کہا کہ پنجاب میں ایک بار پھر تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ڈلیور کرے گی۔ صحت کارڈ، احساس پروگرام اور دیگر عوامی منصوبے تیزی سے آگے بڑھیں گے۔ اس موقع پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ آپ کی بہترین گورننس سے عوام کے مسائل حل ہوں گے۔