کراچی(بیورو رپورٹ ) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارشوں کے چوتھے اسپیل کے لئے تیاری مکمل ہے، روزمرہ کی بنیاد پر نالوں میں کچرے کی صفائی جاری ہے، ٹاور پر برساتی پانی کی براہ راست سمندر میں نکاسی کے لئے علیحدہ سے راستہ بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے برساتی پانی اب سڑک پر کھڑا نہیں ہوگا، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز برسات سے پیدا ہونے والی صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ٹاور ، کھارادر، میٹھادر اور اولڈ سٹی ایریا سمیت شہر کے دیگر علاقوں کے دورے کے موقع پر کہی، میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مظہر خان اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے،
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام بڑی سڑکوں سے برساتی پانی صاف کردیا گیا ہے جن مقامات پر رات ہونے والی بارش کے نتیجے میں پانی کھڑا ہے اس کی نکاسی کے لئے عملہ مسلسل کام کر رہا ہے،تمام نالوں کے ذریعے برساتی پانی کی نکاسی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے، مزید تیز بارشوں کی صورت میں برساتی پانی کے فوری اخراج کے لئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں جس سے امید ہے کہ شہریوں کو برسات کے موسم میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے برساتی نالوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق تمام افسران و دیگر عملہ الرٹ رہے، حالیہ بارشوں میں جن جگہوں پر بارش کا پانی جمع ہوا تھا وہاں چوکنگ پوائنٹس پر خصوصی توجہ دی جائے، نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، بھاری مشینری اور عملے کو ہر اس مقام پر پیشگی تعینات کیا جائے جہاں برساتی پانی کی نکاسی قدرتی طریقے سے نہیں ہورہی، اجلاس میں میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز اظہر علی شاہ، انجینئرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔