لاہور( بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمو دقریشی نے کہا ہے کہ آصف زرداری اپنے صاحبزادے بلاول کو وزیر اعظم بنانا چاہتے ہیں ایسے میں وہ (ن) لیگ تو تقویت دیں گے یا کھوکھلا کریں گے،وہ (ن) لیگ کے ساتھ کیا کر رہے ہیں ان کو آج نہیں کل پتہ چلے گا،پیپلز پارٹی کا اصلی جیالہ (ن) لیگ کو تسلیم کر ہی نہیں سکتا،یہ صرف عمران خان کے خوف سے اکٹھے ہوئے ہیں،کابینہ کا حلف لینا گورنر کی ذمہ داری ہے اگر وہ ذمہ داری سے کترارہے ہیں تو انہیں منصب چھوڑ دینا چاہیے ،کابینہ کے حلف کے لئے راستہ نکال لیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اتحادیوں نے مشاورت سے سبطین خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی کے طور پر نامزد کیا ہے ۔ \
اس کے ساتھ ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی ضروری ہے تاکہ ان کو رخصت کر کے ان کی جگہ نیا ڈپٹی سپیکر منتخب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جمعرات کے روز لاہور آنا تھا اور وہ ائیر پورٹ بھی پہنچ گئے تھے تاہم موسم ناسازگار ہونے کی وجہ سے جہاز ٹیک آف نہیں کر سکا اور وہ واپس لوٹ گئے ، عمران خان آج جمعہ کے روز لاہور آئیں گے اورجو نشستیں شیڈول ہیں وہ ہوں گی ۔انہوںنے گورنر کی طرف سے وزیر اعلیٰ سے حلف نہ لینے کے بعد کابینہ سے بھی حلف نہ لینے کی اطلاعات کے سوال کے جواب میں کہا کہ کئی چیزیں صرف سیاست نہیں ہوتیں ،آئین و قانون میں پسند اور نا پسند نہیںدیکھنا ہوتیں ،آئین اور قانون کہتاہے آپ کے منصب کے تقاضے کیا ہیں ،یہاں سپریم کورٹ کی ڈائریکشن تھیں ، معزز بنچ نے کہا تھاکہ گورنر کو وزیر اعلیٰ سے حلف لینا ہے اور انہوں نے ایسا نہ کر کے میری نظر میں اپنے عہدے سے انصاف نہیں کیا ۔