کراچی(بیورو رپورٹ ) شہرقائدکے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں درمیانی شب شروع ہونے والی معتدل بارش جمعرات کی صبح تک جاری رہی۔شہر میں نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔
سندھ اسمبلی روڈ پر سندھ ہائی کورٹ، سندھ سیکرٹریٹ کے سامنے اور برنس روڈ جانے والے روڈ پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔اردو بازارکے کی گلیاں اور صدر کے علاقے میں عبداللہ ہارون روڈ بھی زیرِ آب آگئے،گارڈن شو مارکیٹ سمیت اولڈ ایریا میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیاجس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایم اے جناح روڈ پر سیون ڈیز اسپتال اور کیپری سنیما کے سامنے دونوں ٹریکس پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔بارشوں کے بعد شہر میں جگہ جگہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے گزشتہ24گھنٹوں کے دوران کراچی میں ہونے والی بارش کے اعداد وشمار جاری کردیئے، جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش شارع فیصل پر 12.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق پی اے ایف مسرور بیس12، ڈی ایچ اے فیز ٹو11.3 اور ناظم آباد میں 10.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ صدر10، اورنگی7، سعدی ٹاﺅن3.9، ایئرپورٹ اولڈ ایریا3.5 اور کورنگی میں 3.4ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ نارتھ کراچی/ گلشنِ حدید میں 3، کیماڑی میں 2.5، گڈاپ2.2 جبکہ سرجانی/قائدآباد/جناح ٹرمینل میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔