اسلام آباد (بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا سوشل میڈیا اکاونٹ ہیک کر لیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر اسد عمر کا اکاونٹ ہیک ہونے کی اطلاع دی گئی۔
اسد عمر سوشل میڈیا پر بہت زیادہ متحرک رہتے ہیں اور ملکی سیاسی صورت حال پر ہر کچھ دیر بعد ٹوئٹ کرتے نظر آتے ہیں تاہم ان کے سوشل میڈیا اکاونٹ سے آخری ٹوئٹ 25 جولائی کو سامنے آئی تھی۔پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر اسد عمر کے اکاونٹ پر کوئی غیر اخلاقی چیز دیکھیں تو اسے فوری طور پر رپورٹ کریں۔تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پیچ پر مزید کہا گیا ہے کہ اکاونٹ کی واپسی کے لیے ٹوئٹر انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔