لاہور( بیورورپورٹ )۔پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی تقرر و تبادلے شروع کر دئیے گئے ،آنے والے دنوں میں پنجاب میںپولیس اور بیورو کریسی میں وسیع پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پرویزالٰہی کے وزیر اعلیٰ پنجاب بنتے ہی کیپٹل سٹی پولیس چیف بلال صدیق کمیانہ اورڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن رانا عبد الجبار کو عہدوں سے ہٹا کر انٹیلی جنس بیورو جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ غیاث گل خان کو پنجاب سے تبدیل کر کے وفاق رپورٹ کرنے کے احکاما ت جاری کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں بیورو کریسی اور پولیس میں وسیع پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی جائے گی جس کے لئے جلد فہرستیں مرتب کر لی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ آفس کی ڈسپوزل پر موجود گریڈ 19کے افسر وسیم عباس کو تبدیل کرکے ڈائریکٹر ( لینڈ ریکارڈ)بورڈ آف ریو نیو پنجاب تعینات کر دیا گیا ۔