اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پائیدارترقیاتی اہداف کاحصول قومی ترجیح ہے، ملک کو اس وقت، موسمیاتی تبدیلیوں، صحت، تعلیم ،معیشت،صنفی عدم مساوات اور سماجی ترقی کے شعبوں میں چیلنجزکا سامناہے ، ان مسائل کے حل کے لئے ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ قدم سے قدم ملاکرچلناہوگا،قومی احتساب اور بہتر طرز حکمرانی تمام عالمی اہداف کو حاصل کرنے میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہے۔
بدھ کو ایس ڈی جیز کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے 2030 تک کے ایجنڈے کے لئے عزم کا اعادہ کیا۔ 2016 میں متفقہ قرارداد کے ذریعے اپنے قومی ترقی کے ایجنڈے کے طور پر اہداف طے کیے تھے تاہم کووڈ۔19 عالمی معیشت اور ہماری ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔پائیدار ترقی کے نفاذ کو متاثر کرنے والے کئی عوامل ہیں جن میں موسمیاتی تبدیلی، صحت، اقتصادی ترقی، غربت، صنفی عدم مساوات اور سماجی و اقتصادی چیلنجز شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایس ڈی جیز کی تکمیل کے لیے کام کرنا اور ایجنڈا 2030 کی دیانتدارانہ عکاسی ضروری ہے۔ 2021 کی پائیدار ترقی کے اہداف کے انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق پاکستان 165 ممالک میں 129 ویں نمبر پر ہے جس کا مجموعی اسکور 58 فیصد ہے، بنیادی طور پر 17 اہداف میں سے ایک پر اس کی پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایس ڈی جیز کے لیے قومی گورننس تب ہی موثر ہو سکتی ہے جب عالمی گورننس کے مطابق ہم لائحہ عمل اختیار کریں گے۔