ضیاءالدین یونیورسٹی کے زیر انتظام کلفٹن بلاک چھ میں ٹینس کورٹ، فٹنس جم، باسکٹ بال کورٹ، فٹسال، فٹبال اور کرکٹ گراو¿نڈ، واکنگ ٹریک اور بچوں کے لیے کھیل کے میدان پر مشتمل جدید ترین فیملی پارک کا ایڈمنسٹریٹر کراچی پولیٹن کارپوریشن مرتضی وہاب اور ضیاءالدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین نے مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔
فیملی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ میں خوش ہوں کہ جس علاقے کو تباہ کیا گیا اور جہاں بہت سے لوگوں نے اس علاقے پر زبردستی قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن ڈاکٹر عاصم حسین نے کے ایم سی سے درخواست کی کہ یہ علاقہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کیلئے دے دیا جائے تاکہ ضیاءالدین یونیورسٹی یہاں کے علاقہ مکینوں کیلئے ایک خوبصورت پارک بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ کے ایم سی سے اپنی وابستگی برقرار رکھتے ہوئے ہمارے ساتھ تعاون کرنے اور اس علاقے میں اس پارک کو جدید ترین طرز کا بنانے پر اور اس کی دیکھ بھال کرنے پر ڈاکٹر عاصم حسین نے کا شکر گزار ہوں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ میں دیگر دوسرے سماجی اداروں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ کے ایم سی کے ساتھ تعاون کرنے میں میرا ساتھ دیں تاکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اس طرح کے پرکشش فیملی پارکس بنائے جا سکیں۔
انہوں نے فیملی پارک کی ہریالی اور سبزہ زاری کیلئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا انتظام کرنے پر ڈاکٹر عاصم حسین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جلد ہی یہاں پر اربن فاریسٹ کی تعمیر کی جائے گی جس سے یہاں کی مقامی آبادی مزید سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔
اس موقع پر ضیاءالدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین نے مجھے خوشی ہے کہ ہم نے اس فیملی پارک کو جدید طرز پر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا اور آج یہاں کے علاقہ مکین اور رہائشی پارک کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس پارک میں ہم مزید تیزی سے کام کررہے ہیں تاکہ یہاں پر ایک بڑا انڈور آڈیٹوریم اور ٹارٹن ٹریک جلد سے جلد تیار کیا جاسکے۔
ڈاکٹر عاصم حسن کا کا مزید کہنا تھا کہ ضیاءالدین یونیورسٹی اس شہر کے لوگوں اور بطور خاص یہاں کے لوگوں کیلئے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔ ہمارا مقصد کراچی کے شہریوں کو صحت مند تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے اور ضیاءالدین یونیورسٹی اور ہسپتال نے ان سماجی سرگرمیوں کے لیے اپنی خدمات جاری رکھی ہوئی ہیں۔ یہ پارک عوام کیلئے مفت اورسندھ حکومت کے فراہم کردہ نئے ماڈل پر مبنی ہے۔ مجھے امید ہے کہ بہت جلد آپ کو کچھ حیرت انگیز سہولیات نظر آئیں گی جو اس شہر کے کسی بھی پارک میں موجود نہیں ہیں۔