سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آج پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ، فیصل کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر ائیر وائس مارشل حسین احمد صدیقی، صدر ائیر وار کالج انسٹیٹیوٹ نے ان کا استقبال کیا۔ مہمانِ خصوصی نے پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کی ٹیم کو عصر حاضر کے جدید چیلنجز سے نبرد آزماء ہونے کے لئے اعلی درجے کے تعلیمی معیار کے حصول پر مبارکباد دی۔
ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے مادر وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ائیر چیف نے کہا کہ "دنیا تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی اور عالمی سیکیورٹی کے ایسے دور سے گذر رہی ہے جس میں جدید چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور یکسوئی کے ساتھ مقاصد کےحصول کی اہمیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سائبر وارفیئر اور آپریشنل انفارمیشن کے شعبہ جات میں ہونے والی حالیہ پیشرفتوں سے باخبر رہنے کے لیے سخت محنت کرنی چاہیے۔ ایئر چیف اس امر پر بھی زور دیا کہ کورس کے شرکاء پاک فضائیہ کو ایک متحرک و مؤثر ایرو اسپیس فورس، جو ہمہ وقت تغیر پذیر آپریشنل ماحول میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت سے آراستہ ہو، بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ پاک فضائیہ کا ایک باوقار ادارہ ہے جہاں پاکستانی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران اہم کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کے لئے تربیت حاصل کرتے ہیں۔ کورس کے شرکاء کو سو سے زائد مضامین کے ماہرین کی آراء سے روشناس کرایا جاتا ہے جن میں سول و عسکری پروفیشنلز، ڈپلومیٹ، اسکالرز، وکلاء، صنعتکار، سائنسدان، اکنامسٹ اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات قابل ذکر ہیں۔ کورس کو جامع تعلیمی وسعت دینے کے لیے بین الاقوامی اساتذہ اور حکمتِ عملی کے ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔