اسلام آباد (بیورورپورٹ) پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل بھٹی نے ملک میں جاری سیاسی بحران کو ایک خطرناک سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں۔ سیاسی بحران سے ملکی معیشت تباہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد اور گالم گلوچ کی سیاست کے بجائے قوم ریلیف کی منتظر ہے۔ مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن فیصل بھٹی نے کہا کہ ملک میں نظام عدل کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ عدالتی نظام پر بحث ہونی چاہیئے تاکہ انصاف عام شہری کی دہلیز تک پہنچ سکے۔ مسلم لیگ قیوم سمجھتی ہے کہ ملک کا نظام بدلنے تک حالات نہیں بدل سکتے۔