حیدرآباد( بیورورپورٹ )
صوبائی وزیر برائے محکمہ آبپاشی جام خان شورو نے آج حیدرآباد میں تیزموسلا دھار بارش کےبعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نکاسی آب کو فوری یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر جام خان شورو کے ہمراہ ڈی سی حیدرآباد فواد غفار سومرو اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ساتھ تھے۔ تفصیلات کے مطابق ، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے حیدرآباد کے لطیف آباد یونٹ نمبر 2 اور 11، قاسم آباد، ٹھنڈی سڑک، شہباز بلڈنگ اور دیگر علاقوں کا دورہ کرکے کیے گئے انتظامات اور بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر جام خان شورو نے ضلعی انتظامیہ اورتمام متعلقہ اداروں کے عملے کو شہر سے برساتی پانی کی نکاسی کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ حیدرآباد اور دیگرمحکموں کے افسران شہر کے تمام نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنائے۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے انہیں ہدایت کی کہ وہ مون سون کی بارشوں کے دوران حیدرآباد شہر میں تمام متعلقہ عملے اور مشینری کی دستیابی کو بھی یقینی بنائیں۔