اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق ایم این اے فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے نااہلی فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کو چیلنج کرنے سے متعلق وکلا سے مشاورت مکمل کرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا نے فیصلے کی مصدقہ کاپی کیلئےالیکشن کمیشن میں درخواست دے دی، مصدقہ کاپی ملنے کے بعد فیصلےکواسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا کے وکیل آئندہ چند روز میں فیصلے کیخلاف درخواست دائر کریں گے۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو دوہری شہریت کیس میں نااہل قرار دے دیا تھا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ فیصل واوڈا نے اپنےکاغذات نامزدگی میں غلط بیانی سےکام لیا اور کاغذات نامزدگی کےوقت جعلی حلف نامہ جمع کرایا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ فیصل واوڈا کو آرٹیکل 62ون ایف کےتحت نااہل قرار دیا گیا، وہ صادق اور امین نہیں رہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے دئیے جانے والے فیصلے میں کہا گیا کہ فیصل واوڈا نے بطور ایم این اے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بھی غلط کاسٹ کیا، لہذا ان کی سینیٹ رکنیت کا نوٹی فیکیشن بھی واپس لیا جائے۔