نیو یارک (نیٹ نیوز ) ہالی ووڈاداکارہ امبر ہرڈ نے گزشتہ ماہ جون میں ہارے گئے ہتک عزت کیس کے فیصلے کےخلاف دوبارہ نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔
امبر ہرڈ نے رواں ماہ کے آغاز میں بھی ہارے ہوئے فیصلے کےخلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔اے ایف پی کے مطابق امبر ہرڈ کے وکلاءنے دوسری بار 21جولائی کو ریاست ورجینیا کی اپیل کورٹ میں درخواست دائر کی۔اداکارہ کے وکلا ءکی جانب سے درخواست میں عدالت سے جون میں جیوری کی جانب سے دیئے گئے فیصلے کو مسترد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ اداکارہ کو لگتا ہے کہ ان کےخلاف دیئے گئے فیصلے میں جیوری نے تمام شواہد اور بیانات پر مکمل توجہ نہیں دی اور دیئے گئے فیصلے میں غلطیاں دہرائی گئیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جیوری کے فیصلے کو منسوخ کرکے تمام فریقین کو یکساں مواقع دیئے جائیں۔