کراچی ( بیورورپورٹ)
گورنرہاﺅس میں منعقدہ حلف برداری کی سادہ و پروقار تقریب میں قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی نے محمد وسیم سے چیئر پرسن سندھ پبلک سروس پبلک کمیشن کے عہدہ کا حلف لیا ۔واضح رہے کہ قائم مقام گورنرسندھ کی منظوری کے بعد وزیر اعلی سندھ نے گریڈ 22کے ریٹائرڈ افسر محمد وسیم کو سندھ پبلک سروس پبلک کمیشن کا چیئرپرسن مقرر کیا تھا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد حنیف چنا نے انجام دیئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو ،وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وقار مہدی ،چیف سیکریٹری محمد سہیل راجپوت ، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن اور صوبائی سیکریٹریز بھی موجود تھے ۔ گریڈ 22کے ریٹائرڈ افسر محمد وسیم تین دہائیوں تک صوبہ کے اہم ترین عہدوں پر اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں انہیں ایڈمنسٹریشن کا وسیع تجربہ بھی ہے ۔
محمد وسیم چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ،چیئرمین اینٹی کرپشن ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ،سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی اپنی ذمہ داریاں ادا چکے ہیں ۔بعد ازاں قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی نے عہدہ سنبھالنے پر محمد وسیم کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔