کراچی ( بیورو رپورٹ)چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ اتوار کی صبح 10 سے 11 بجے تک کراچی میں تیز اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔ایک بیان میں سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں آج ہلکی سے معتدل بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں 2 سے 3 گھنٹے بارش رہی تو 100ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے، اسپیل کے دوران 130 سے 150 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ 24 اور 25 جولائی تک کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ 26 جولائی کو بارش معتدل رہ سکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ بحیرہ عرب سے نمی ملنے پر زیریں سندھ میں بارشوں کی شدت زائد رہے گی۔دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کہا کہ کراچی میں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، شہر میں بارش کے لیے 24 سے 26 جولائی اہم دن ہیں۔انہوں نے کہا کہ سسٹم سندھ اور راجستھان کی سرحد کے قریب ہے، آج وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، شہر میں آج سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا کہ شہر میں کم از کم 50 اور زیادہ سے زیادہ 200 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔