لاہور( نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، بیدیاں روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی،
بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا جس سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز ہلکی اور تیز بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ۔ بارش ہونے کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا اور بجلی بند ہو گئی تاہم بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد اسے بحال کرلیا گیا ۔ علاوہ ازیں بارش کے دوران بیدیاں روڈ پر گھر میں کمرہ کی چھت گر گئی جس سے ملبے تلے دب کر دو افراد جاں بحق ، ایک بچی زخمی ہو گئی ۔ ریسکیو 1122کے مطابق بیدیاں روڈ پر مکان کی خستہ حال چھت دھماکے سے زمین بوس ہو گئی
جس کے نیچے بچی سمیت تین افراد دب گئے ۔ ملبے کے نیچے سے دو لاشیں نکال لی گئیں جن کی شناخت عثمان اور دلاور کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والی بچی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ۔