اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک)قومی ویمن ٹیم نے بھارت میں شیڈول آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کےلیے کوالیفائی کرلیا۔ قومی ٹیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوالیفائر ایونٹ کے اپنے تمام میچز جیت کر بغیر کسی اگر مگر کے ورلڈ کپ کےلیے کوالیفائی کرلیا۔تاہم میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی نے قومی ویمن ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے کے سوال کا دوٹوک الفاظ میں جواب دیا اور کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔ پاکستان ٹیم معاہدے کے مطابق بھارت نہیں جائے گی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ تو پہلے ہی ہو چکا ہے، نیوٹرل وینیو کا فیصلہ بھارت کو کرنا ہے۔ یہ نیوٹرل مقام جہاں بھی ہوگا وہاں ہماری ٹیم جائے گی لیکن بھارت نہیں جائیں گے، جب معاہدہ ہے تو پھر معاہدہ ہی چلے گا۔قوم ویمن ٹیم کی شاندار پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جب ٹیم ایک ٹیم کی طرح کھیلے تو اس
طرح کے نتائج آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم کےلیے یہ ہے کہ وہ ایک ہو کر کھیلیں تو ایسے ہی نتائج آئیں گے۔ ویمن کرکٹرز کو بھی انعام ضرور ملے گا یہ ان کا حق ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ویمن کرکٹ کے حوالے سے ایک دو پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، جلد آگاہ کریں گے۔