حیدر آباد ( نمائندہ خصوصی)بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں پیچھے ہٹوں گا، میں عوام کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔نہ میں فارم 47 والا ہوں اور نہ ہی سلیکٹڈ، ہم سندھو کو بچانے اور وفاق کو بچانے کیلئے نکلے ہیں ۔وفاقی حکومت فوری طور پر متنازع کینال منصوبہ روکے ورنہ پیپلزپارٹی آپ کے ساتھ نہیں چل سکتی۔آپ اپنا کینال منصوبہ چھوڑیں ، میں عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمر کوٹ میں کل پیپلزپارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی۔عوام نے پھر ثابت کردیا پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، کل عمر کوٹ میں 17 سیاسی یتیم جماعتوں کو شکست ہوئی۔کل عمر کوٹ میں پی ٹی آئی اور ن لیگ بھی ایک پیج پر تھے۔انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ کے عوام کا شکر گزار ہوں اسلام آباد والوں کو شکست دلائی۔عمر کوٹ میں ان کو تاریخی شکست دلوائی ہے، منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔عوام نے اسلام آباد والوں کو شکست دلوائی ہے، منافق سیاستدانوں کو شکست دلوائی ہے۔عمر کوٹ میں پیپلزپارٹی کو جتوا کر آپ نے پیغام دیا ہے کہ سندھ کے عوام بی بی شہید اور صدر زرداری کے ساتھ ہیں ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جتوا کر آپ نے ثابت کردیا ہے کہ سندھ کے عوام کینال منصوبے کو مسترد کرتے
ہیں۔ عوام کے حقوق کیلئے پیپلزپارٹی ہمیشہ لڑی ہے۔ہم کسی تحریک یا جنگ کیلئے نکلتے ہیں تو تاریخی شہر حیدر آباد ضرور آتے ہیں ۔حیدر آباد نے یہ ثابت کردیا کہ آپ پیپلزپارٹی کیساتھ کھڑے ہیں۔ہم پاکستان کھپے کہنے والوں میں سے ہیں ۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ عوام سے وعدہ کیا تھا کہ سلیکٹڈ کو ہٹاؤں گا اور وہ وعدہ پورا کر کے دکھایا۔قیدی نمبر 420 نے ان چھ کینالز میں سے دو کی اجازت دی تھی۔ان کینالز کی صرف پیپلزپارٹی نے مخالفت کی تھی۔ہم مخالف اصولوں پر کر ہے ہیں ، کیونکہ میرا وفاق خطرے میں ہے۔بلاول نے کہا کہ اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں ، یہ نہ سننے کو تیار ہیں اور نہ ہی دیکھنے کیلئے تیار ہیں ،پانی
کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ہم آپ کی وزارتوں کو لات مارتے ہیں ، ہمیں وزارتیں نہیں ، عزت چاہیئے۔افسوس سے کہتا ہوں وہ آج بھی ہمارے اعتراض کے باوجود ماننے کو تیار نہیں ،اگر وہ ماننے کیلئے تیار نہیں تو ہم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ۔اگر میں نے شہبا ز شریف اور عوام کے درمیان فیصلہ کرنا ہے تو یہ مشکل فیصلہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چاروں صوبوں میں ترقی ہو، مہنگائی میں کمی ہو،ایسا کیسے ہو سکتا ہے پاکستان بھر کے کسانوں کو معاشی قتل ہو اور میں ساتھ دوں ۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی ہے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ شہباز شریف کو ہم نے ایک نہیں ، دو بار وزیر اعظم بنوایا۔شیر والے صرف عوام کاخون چوستے ہیں اور کچھ نہیں کرتے،شیر والوں کو ہر منصوبہ کسان دشمن ہے۔کسانوں کو فصل کی امدادی قیمت نہ دینا اور کسانوں کی فصلوں کو نہ خریدنا ظلم ہے۔انہوں نے کسانوں پر اضافی ٹیکس لگا دیے ، اب کسان کہاں جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ لوگ چولستان کے ریگستان میں کاشتکاری کرنا چاہتے ہیں ۔25 سال سے پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔پنجاب اور سندھ میں پانی کی قلت ہے۔چولستان تھر پارکو آباد کرنا ہے تو بسم اللہ مگر سندھو پر ہم سمجھوتا نہیں کریں گے۔آپ ٹیکنالوجی کے ذریعے چولستان اور تھرپارکر کو آباد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم وہ جماعت ہیں جو مشکل وقت میں بھی پیچھے نہیں ہٹے،ہم یاسی لوگ ہیں ، کسی ذاتی مقصد کیلئے نہیں نکلے،حکومت متنازع منصوبہ واپس لے تو زراعت کی ترقی کیلئے بیٹھ کر منصوبہ بنانے کو تیار ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں پیچھے ہٹوں گا، میں عوام کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔نہ میں فارم 47 والا ہوں اور نہ ہی سلیکٹڈ، ہم سندھو کو بچانے اور وفاق کو بچانے کیلئے نکلے ہیں ۔وفاقی حکومت فوری طور پر متنازع کینال منصوبہ روکے ورنہ پیپلزپارٹی آپ کے ساتھ نہیں چل سکتی۔آپ اپنا کینال منصوبہ چھوڑیں ، میں عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔