راولپنڈی(نمائندہ خصوصی):حکومتِ پاکستان کی خصوصی ہدایات پر پاکستان ایئر فورس کا سی-130 طیارہ ایرانی شہر زاہدان سے 8 پاکستانی شہریوں کی میتیں لے کر بہاولپور پہنچ گیا۔ یہ تمام افراد ضلع بہاولپور کے رہائشی تھے جو ایران کے صوبہ سیستان-بلوچستان میں ایک بزدلانہ دہشت گرد حملے کا نشانہ بنے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق طبی و قانونی کارروائی اور دستاویزی امور کی تکمیل کے بعد میتیں زاہدان میں پاکستان کے قونصل جنرل کے حوالے کی گئیں جنہیں جمعرات کی صبح وطن واپس لایا گیا۔بہاولپور ایئرپورٹ پر میتوں کی وصولی کے موقع پر ایک پُر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سول و عسکری حکام نے شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ لواحقین سے اظہارِ تعزیت بھی کیا گیا۔پاکستان کی مسلح افواج اس دکھ کی گھڑی میں پوری قوم کے ساتھ کھڑی ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور ان کے لئے صبر و ہمت کی دعا کی۔