اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو یہاں وزارت خارجہ آمد پر ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سیجارتو کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں وزراءنے بعد ازاں ایک نتیجہ خیز ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی جس میں وسیع ایجنڈے کا احاطہ کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے بات چیت میں دوطرفہ تعلقات میں متاثر کن اضافہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، توانائی، زراعت، سائنس، ثقافت اور تعلیم میں تعاون کو مزید دینے پر تبادلہ خیال کیا۔بات چیت میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت نے کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا جبکہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان کئی معاہدوں اور ایم او یوز پر بھی دستخط کیے گئے ان میں ثقافتی تبادلہ پروگرام (2025/2027) کے علاوہ آثار قدیمہ اور ورثہ تعاون، سفارتی پاسپورٹ کے لیے ویزا کی چھوٹ شامل ہیں۔اس دورے نے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر امن، سلامتی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے مضبوط شراکت داری اور عزم کو تقویت دی ہے۔