اسلام آباد نیویارک ( مانیٹرنگ ڈیسک)فچ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی۔ پاکستان کی طویل مدتی فارن کرنسی ریٹنگ ٹرپل سی پلس سے بی مائنس مقرر، آؤٹ لک مستحکم قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان نے مالی خسارے میں کمی اور اصلاحات پر پیش رفت کی ہے۔فچ اعلامیے کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف پروگرام پر مؤثر عمل کر رہا ہے، پاکستان کی موثر معاشی پالیسیوں سے ذخائر میں بہتری متوقع ہے، پاکستان کی معیشت پر عالمی دباؤ کے باوجود بیرونی مالی خطرات محدود ہیں۔فچ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کم تیل کی قیمتیں پاکستان کے لیے ریلیف کا ذریعہ ہیں ، پاکستان مالی خسارے کو کم کرنے اور ساختی اصلاحات پر عمل درآمد میں پیش رفت کر رہا ہے،اصلاحات آئی ایم ایف پروگرام کی کارکردگی اور مالی وسائل کی دستیابی کو سہارا دیں گی، توقع ہے کہ سخت معاشی پالیسیاں جاری رہیں گی ۔فچ اعلامیے کے مطابق پالیسی کا تسلسل زرمبادلہ کی بحالی اور فنانسنگ کی طلب کو کنٹرول کرنے میں معاون ہوگا، پاکستان کے لیے پالیسی عمل درآمد کے خطرات موجود ہیں اور مالی ضروریات اب بھی زائد ہیں،عالمی تجارتی کشیدگی اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بیرونی دباؤ پیدا کر سکتے ہیں ، کم تیل کی قیمتوں، برآمدات اور مارکیٹ سے مالی وسائل پر کم انحصار سے خطرات میں کمی ہوگی۔