اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے مس لنڈا کی سربراہی میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں توانائی کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (P3) ماڈلز کے ذریعے نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر توانائی نے وفد کا خیرمقدم کیا اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری جدید ٹیکنالوجی کے متعارف کرنے میں آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ طلب اور قیمتوں کا تعین ہمارے بڑے مسائل ہیں، اور ہم پائیدار حل کے لیے آئی ایف سی کی رہنمائی کے شکر گزار ہیں۔آئی ایف سی وفد کے محترم ٹونسی باکووچ نے برازیل، پیرو، کولمبیا اور بھارت میں کامیاب ماڈلز کی مثالیں پیش کیں، جن کے ذریعے سرمایہ کاری میں اضافہ، قابل تجدید توانائی کا انضمام اور اوپن ایکسیس کو فروغ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے درست حکمت عملی کے لیے بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا ضروری ہے۔آئی ایف سی نے پاور ڈویژن کی ڈیجٹل میٹرائزیشن پالیسی پرمعاونت پر آمادگی ظاہر کی اور مزید کیس اسٹڈیز شیئر کرنے کی پیشکش کی تاکہ پالیسی سازی اور اصلاحات میں معاونت کی جا سکے۔وفاقی وزیر اویس لغاری نے IFC کی تکنیکی مہارت اور عالمی تجربے کو سراہا اور کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے شفاف اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا اور توانائی کے مختلف منصوبوں میں مشترکہ کوششوں کو عملی شکل دی جائے گی۔