سیئول۔(نمائندہ خصوصی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جمہوریہ کوریا کی قومی اسمبلی میں منعقدہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس(آئی ایس سی 2025) سے خطاب کے دوران تاریخی ”سیئول اعلامیہ: امن اور خوشحالی ” کی باضابطہ توثیق کردی ۔اعلامیے کی45 ممالک کے بانی ارکان اور پارلیمانی رہنمائوں نے بھی توثیق کی ہے، جس سے وسیع پیمانے پر بین الاقوامی حمایت حاصل ہوئی۔ واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سینئر مشیر پاولا وائٹ کین دستخط کنندگان میں شامل تھیں جو اس اعلامیے کی دو طرفہ اور عالمی اپیل کی عکاسی ہے۔اس اہم عالمی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے امن، کثیر الجہتی تعاون اور جامع ترقی کے لئے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جوہری پھیلائو، غربت، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی تنازعات سمیت عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ سیئول اعلامیے میں ایک متحد عالمی وژن کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جس میں پارلیمانی رہنمائوں اور اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، دنیا بھر میں امن کی کوششوں کو فروغ دینے،بین الاقوامی نظم و نسق اور انسانی حقوق کو برقرار رکھنے، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے، ماحولیاتی تبدیلی، صحت عامہ کے بحران ، ڈیجیٹل تقسیم اور جزیرہ نما کوریا میں امن کو فروغ دینے جیسے عالمی مسائل کو حل کرنا شامل ہے۔کانفرنس
کا اختتام شریک ممالک کی جانب سے اعلامیے کے اصولوں کو برقرار رکھنے ، باہمی تعاون اور لچکدار عالمی مستقبل کیلئے بین الپارلیمانی مکالمے کو فروغ دینے کے اجتماعی عزم کے ساتھ ہوا۔