لاہور( نمائندہ خصوصی) سکھ مذہب کے روحانی مرکز گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں بیساکھی میلہ کی تین روزہ تقریبات کے لیے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اندرون و بیرون ملک سے آنے والے ہزاروں سکھ یاتریوں کی میزبانی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس متحرک ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک اور ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی بابر سرفراز الپہ نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ کیا اور مختلف انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے سیکیورٹی پلان اور یاتریوں کی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر راولپنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "بیساکھی میلہ نہ صرف مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے بلکہ پاکستان کی بین المذاہب رواداری کی عملی تصویر بھی پیش کرتا ہے۔ ہم مہمان یاتریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔”آر پی او راولپنڈی بابر
سرفراز الپہ نے فول پروف سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس افسران کو موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ "تمام افسران ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر انجام دیں، تاکہ مہمانوں کو مکمل تحفظ کا احساس ہو۔” اٹک پولیس کی جانب سے میلے کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، اور ریسکیو سروسز کے
حوالے سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور خفیہ اہلکاروں کی تعیناتی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔بیساکھی میلہ میں شرکت کے لیے بھارت، یورپ، کینیڈا اور دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں سکھ یاتری کی حسن ابدال آمد متوقع ہے ، جو گوردوارہ پنجہ صاحب میں مذہبی رسومات ادا کریں گے۔