کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب نے ممبر پریس کلب سید تابش کفیلی پر پولیس اہلکاروں کی جانب تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے پولیس اہلکاروں کی جانب سے ممبر پریس کلب سید تابش کفیلی پر تشددکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیاہے کہ واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیاجائے اور انہیں بی کلاس کرکے ان کے خلاف انکوائری کرائی جائے انہوں نے کہاکہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت لیت ولعل سے کام لے رہی ہے،مختلف حلقوں کی جانب سے آئے روز صحافیوں پرتشدد،جان لیوا حملے اور دھمکیوں کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں جوکہ متعلقہ اداروں کی غفلت اورلاپرواہی کانتیجہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صحافتی حلقوں کی جانب سے متعلقہ اداروں کی توجہ اس طرح کے واقعات کی طرف باربارمبذول کرانے کے باوجودایسے واقعات کی روک تھام کے لے کچھ نہیں کیاجارہااور اب ایک اور صحافی پر پولیس کا حملہ سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اور واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔انہوں نے متنبہ کیاکہ اگرکسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ کیاگیا تو صحافتی حلقے آئندہ کے لائحہ عمل اور سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔