لاہور ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کلب کے ایڈمنسٹریٹر اور پاکستان ریلویز کے ایڈیشنل جنرل مینیجر عامر نثار چودھری نے کلب کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔عامر نثار چودھری نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ رائل پام کو آؤٹ سورس کرنے کیلیے بین الاقوامی اور قومی اخبارات میں اشتہار شائع کیے جا چکے ہیں تا کہ بہترین ساکھ کی حامل کمپنیاں بڈنگ پراسیس میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بڈ 13 مئی کو پراسیس میں دلچسپی لینے والی پارٹیوں کے سامنے کھولی جائے گی۔ وزیر ریلوے نے تاکید کی کہ آؤٹ سورسنگ کرتے وقت تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے۔وفاقی وزیر ریلوے نے رائل پام کلب کا مختصر دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات کو سراہا۔ حنیف عباسی نے ایڈمنسٹریٹر رائل پام کو ہدایت کی کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں اور ریلوے کے مفاد میں جلد از جلد آؤٹ سورسنگ کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔اجلاس میں چیئرمین مظہر علی شاہ اور سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ سمیت کلب کے مینیجرز بھی شریک ہوئے۔