پیرس ۔(نیوز ڈیسک):یونیسکو میں پاکستان کی مستقل مندوب سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ایک مستحکم اور زیادہ موثر یونیسکو کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے 221 ویں مکمل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تعلیم، سائنس، ثقافت اور مواصلات کے شعبوں میں تزویراتی ترجیحات کی انجام دہی کے لیے حقیقت پسندانہ اور پائیدار مالی وسائل کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ادارے کے ڈھانچے اور کام کے طریقہ کار میں تزویراتی ربط پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ممتاز زہرا بلوچ نے یونیسکو پر زور دیا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سائنسی اشتراک کار کو فروغ دیا جائے ، سائنسی پیش ہائے رفت اور جدت طرازی کو جمہوری بنانے کے عمل کو تقویت دی جائے اور سائنسی ترقی کو مصنوعی رکاوٹوں سے تحفظ فراہم کرتے ہوئے مربوط بنیادوں پر استوار کیا جائے۔ ممتاز زہرا بلوچ نے یونیسکو کے عملے کی لگن اور عزم کو سراہتے ہوئے شفافیت اور احتساب کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔