لاہور ( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبے بھر میں نئے سہولت بازار قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے 13نئے سہولت بازاروں کے زیر تکمیل پراجیکٹس کے لئے اگست تک کی ڈیڈ لائن مقررکر دی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں نئے سہولت بازاروں کے قیام سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بہاولپور، اٹک اور مری میں اضافی سہولت بازار قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سہولت بازار کے قیام کا جامع پلان طلب کر لیا ہے۔ نوشہرہ ورکاں،بورے والا،کبیروالا، سانگلہ اور جلال پور میں سہولت بازار بنیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے رحیم یار خان، بہاولنگر، اٹک اور مری میں سہولت بازار کے لئے اراضی کی نشاندہی کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم اور ضلعی انتظامیہ کو سہولت بازاروں کیلئے اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سہولت بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لئے 69کروڑ سے زائد فنڈز کی بھی منظوری دے دی ہے۔ سولر انرجی پر منتقل کرنے سے سہولت بازاروں میں بجلی کی لاگت میں 70فیصد تک کمی آئے گی۔ بجلی کی لاگت میں کمی کا فائدہ نرخ میں کمی کرکے عوام تک پہنچایا جائے گا۔ ٹاؤن شپ میں پہلا سہولت بازار سولر انرجی پر منتقلی کا پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنارہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے جہلم، مظفر گڑھ اور نارووال میں سہولت بازار کے قیام میں درپیش رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سہولت بازار قائم کرنے کا مقصدکمزور اور متوسط طبقے کواشیائے خوردنوش کم نرخ پرفراہم کرنا ہے۔ قائد محمد نوازشریف کے ویژن کے تحت مہنگائی کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔