لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے وزیر اعظم کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 7 روپے سے زائد کی کمی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام عوام اور صنعتوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ پاکستان میں بجلی سرپلس ہونے کے باوجود عوام کو مہنگی بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جس کی اصل وجہ آئی پی پیز مافیا ہے۔ جب تک حکومت اس مافیا سے نجات حاصل نہیں کرتی، تب تک عوام پر اضافی مالی بوجھ برقرار رہے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے شعبے میں طویل مدتی اصلاحات کی جائیں تاکہ عوام کو مستقل بنیادوں پر سستی بجلی میسر آ سکے۔ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے واضح کیا کہ مرکزی مسلم لیگ تنقید برائے تنقید کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ تعمیری تجاویز کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ تنخواہ دار طبقے پر عائد بھاری ٹیکسوں میں بھی ریلیف دینا چاہیے تاکہ متوسط طبقہ معاشی دباؤ سے باہر آ سکے۔ مرکزی مسلم لیگ عوامی فلاح و بہبود کے ہر اقدام کی حمایت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت دیگر بنیادی سہولیات میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کرے تاکہ عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا ہو۔