لاہور ( نمائندہ خصوصی)لاہور پولیس نے خواتین پر تشدد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تھانہ مصری شاہ کی حدود میں بیوی کو چھری کے وار سے زخمی کرنے والے ملزم کو فوری گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم جمال شاہ کو ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق کاچھوپورہ کی رہائشی 42 سالہ نگینہ پر اس کے شوہر جمال شاہ نے گھریلو جھگڑے کے دوران بدکرداری کا الزام لگا کر چھری سے حملہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں زخمی خاتون کے گلے اور پیٹ پر شدید زخم آئے، جسے فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری ایکشن لیا اور ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلہ مضروبی چھری برآمد کر لی۔ ملزم کے خلاف اقدام قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ نمبر 949/24 تھانہ مصری شاہ درج گیا گیا.
مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق خواتین پر تشدد حکومت کی ریڈ لائن ہے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی تاکہ معاشرے میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے