مظفرآباد( نمائندہ خصوصی)مقبوضہ کشمیر کے شہر خاص سرینگر کی عید گاہ اور مرکزی جامع مسجد میں نمازِ عید کے اجتماع پر پابندی کو بھارتی حکومت کا قابلِ نفرت جرم قرار دیتے ہوئے چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ دلی سرکار بندوق کی طاقت اور فوجی قبضے سے اسلامیان کشمیر کے مذہبی ، سماجی ، سیاسی اور انسانی حقوق بری طرح پامال کررہی ہے ۔ انہوں نے عید کے موقع پر میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کرنے کو قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ بھارت کشمیری مسلمانوں سے خوفزدہ ہے دلی کے حکمران جانتے ہیں کہ کشمیر کے گھر گھر پر پہرے بٹھانے ، حُریت پسندوں کو گرفتار کرنے یا کالے قوانین کے خوف میں شہریوں کو مبتلاء کرنے سے نہ تو کشمیری عوام کو آزادی کے مطالبے سے دستبردار کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی انکے دلوں سے اسلام سے لازوال محبت و عقیدت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ دلی سرکار کشمیر میں نفرت اور انتقام کا جو بیج بو رہی ہے جلد یا بدیر اسے سب کچھ حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کشمیری کی آزادی پسند قیادت مسرت عالم بٹ ، سیدہ آسیہ اندرابی ، شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک ، فہمیدہ صوفی ، سیف اللہ پیر ، ناہیدہ نسرین ، ایاز اکبر ، نعیم احمد خان ، محمد یوسف فلاحی اور دیگر ہزاروں قیدیوں کی ہمت ، جرآت اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے جو بھارت کے تمام تر جبرواسبتداد کے باوجود اپنی قومی آزادی کی جدوجھد کی پاداش میں ثابت قدمی کے ساتھ بھارتی فوجی استعمار کے سامنے چٹان بن کر کھڑے ہیں ۔ انہوں عید کے موقع پر کشمیر کے ان پاکباز ہزاروں شہدائے کرام شہید محمد مقبول بٹ ، شہید میرواعظ کشمیر مولوی محمد فاروق ، شہید شمس الحق ، شہید مقبول علائی ، شہید عبد الغنی لون ، شہید سید علی شاہ گیلانی ، شہید محمد اشرف خان صحرائی ، شہید برہان وانی ، شہید سمیر ٹائیگر ، شہید ضیاء مصطفیٰ ، شہید ابو حفص ، شہید محمد ابرار خان ، شہید اسامہ حیدر ، شہید پروفیسر رفیع بٹ سمیت ہزاروں عظیم المرتبت شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ پوری کشمیری قوم شہداء کی قربانیوں کی مقروض ہے جنہوں نے بھارتی قابض سامراج کے خلاف مزاحمت کا راستہ اپنا کر جدوجھد آزادی کی شمع کو روشن کیا ہے ۔ عزیر غزالی نے کہا ہے کہ دلی سرکار ایک سازشی منصوبے کے تحت کشمیر میں اسلامی تشخص اور غالب مسلم اکثریت کیخلاف ناقابل معافی جرائم کررہی ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ وقت آن پہنچا ہے کہ ریاست کے پانچوں خطوں کے عوام بھارتی سامراج کے خلاف اپنی ریاست ، اسلامی تشخص اور آزادی کیلئے ایک ہو کر جدوجھد کو مضبوط بنائیں