کراچی ( نمائندہ خصوصی)شہر قائد کے علاقے لانڈھی، گلشن اقبال، کارساز میں عید کے پہلے روز ہونے والے ٹریفک حادثات میں 3 شہری جاں بحق جبکہ5 زخمی ہوگئے۔لانڈھی 89 اور لانڈھی منزل پمپ کے قریب ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔اس کے علاوہ گلشن اقبال میں ڈسکو بیکر کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 13 سالہ لڑکا زخمی ہوا جبکہ کار سوار موقع سے فرار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی 89 موڑ کے قریب دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے موٹرسائیکل سوار کی شناخت 24 سالہ سلویسٹر ولد ارشد کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں کی شناخت 18 سالہ سمیع اور 30 سالہ حسام ولد محتاب کے ناموں سے کی گئی۔شاہ لطیف کے علاقے لانڈھی منزل پیٹرول پمپ پل کے قریب کوسٹر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے کی شناخت 25 سالہ میر مرتضیٰ ولد اصغر علی اور زخمی کی 20 سالہ میر اکبر ولد اصغر علی کے ناموں سے کی گئی ، جاں بحق و زخمی ہونے والے بھائی ہیں۔