لاہور۔(نمائندہ خصوصی):عیدالفطر کے موقع پر وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الفطر کے پرمسرت موقع پر انہیں، ایرانی سپریم لیڈر اور ایران کے برادر عوام کو تہہ دل سے عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں اور ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے وہ تجارت میں اضافے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ساتھ ہی انہیں سرحدی سلامتی جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مزید قریبی تعاون کرنے کی بھی ضرورت ہے۔گزشتہ سال نیویارک اور قاہرہ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایران کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔