لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید الفطرکے موقع پراپنے پیغام میں اہل پاکستان کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ اللہ تعالی سے یوم عید پر ہر فرد کی خوشی کے لئے دعا گوہوں۔دلی دعا ہے کہ ارض پاک پر اترنے والی خوشیوں کو کبھی زوال نہ آئے-عیدالفطر ہر مسلمان کے لئے یوم تشکر اور اللہ تعا لی کا انعام ہے -ہو سکتاہے کہ آپ احساس اور ایثارسے کسی چہرے پر مسکراہٹ آجائے -عید تو تب ہی عید کہلائے گی جب سب باہم شریک ہوں گے- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ عید الفطر احساس او رایثا رکا نام ہے-عید الفطر پر یتامیٰ اور مساکین کا احساس اور دلجوئی کرنا سنت نبویؐ ہے -عید کے موقع پر یتیم بچوں کے ساتھ نبوی کریمؐ کا شفقت بھرا سلوک احساس کی ابدی مثال ہے-عید الفطر کے موقع پر نادار لوگوں کی ضرورتوں کو جان کر مدد کرنا مستحسن اور مقبول عمل ہے-عید کی خوشیاں چھوٹے ملازمین کو شریک کرنے سے دوبالا ہو جاتی ہیں -یوم عید پر وطن عزیز کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے-عید الفطر کے روز شہداء کے خاندانوں کو بھی یاد رکھا جائے-عید صرف اپنے لئے خوشی منانے کا نام نہیں بلکہ دوسروں کی مدد کرنے والے زیادہ سکون اورخوشیاں پاتے ہیں -اللہ تعالی نے ہمیں جتنی نعمتو ں سے نوازا ہے اسی کے مطابق دوسروں کی مدد کیجئے-گلی محلے میں ان لوگو ں کا خیال خود کیجئے جن کا دسترخوان عید کے روز بھی خالی ہے-