قلات(نمائندہ خصوصی)بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع قلات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد
علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ معصوم شہریوں کے خلاف حالیہ دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ترجمان پاک فوج نے بیان میں کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔