سرینگر:(نیوز ڈیسک)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع کٹھوعہ میں 3کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیاہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع میں راجباغ کے علاقے گھاٹی جوتھانہ کے گائوں جاکھول میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔علاقے میں بھارتی فوج راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، بارڈر سکیورٹی فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکار اتوار کے روز سے محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز نے نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں عسکریت پسند قراردیکر قتل کیا ۔اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں 4بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے ۔