واشنگٹن(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے اہم امریکی حکام سے ملاقاتیں کیں جس میں انہوں نے پاک امریکا دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں ، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کی پریس ریلیز کے مطابق ۔معاون خصوصی نے سینئر بیورو آفیشل؍ قائم مقام انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ برائے سیاسی امور لیزا کینا اور سینئر ڈائریکٹر برائے جنوبی اور وسطی ایشیا نیشنل سکیورٹی کونسل رکی گل سے ملاقات کی۔ انہوں نے رینکنگ ممبر کانگریس رکن گریگوری میکس، ذیلی کمیٹی برائے جنوبی اور وسطی ایشیا کے چیئرمین، ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے کانگریس رکن بل ہوزینگ اور سینیٹر جم بینکس سے بھی ملاقات کی۔ان ملاقاتوں میں امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔ امریکی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران معاون خصوصی نے پاکستان حکومت کی اقتصادی ترجیحات پر روشنی
ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں معاشی اشاریوں میں واضح بہتری آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی جانب سے معاشی اشاریوں میں بہتری کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں تجارت اور سرمایہ کاری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں جس سے نہ صرف دونوں ممالک کے کاروبار کو فائدہ پہنچے گا بلکہ خطے کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔