کراچی( نمائندہ خصوصی)سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ایک خصوصی معاشرتی اور روحانی ماحول فراہم کرتا ہے جو انسان کی شخصیت میں مثبت تبدیلیاں لانے کا باعث بنتا ہے۔ ماہ صیام کی عبادات اور اس کے اثرات کی بدولت نہ صرف ہمارا ایمان مستحکم ہوتا ہے بلکہ معاشرتی یکجہتی کو بھی فروغ ملتا ہے۔فلاحی کاموں کی روحانی جہت ہمیشہ اندرونی اطمینان کا باعث بنتی ہے۔ ہمارے احسان اور سخاوت کے اعمال ہمیں اللہ کی طرف کھینچتے ہیں اور ہمیں رمضان کے اس بابرکت مہینے میں کئی گنا اجر سے نوازتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر اکبر علی خان نے رمضان ڈرائیو پروگرام سے خطاب کے دوران کیا۔مزیدبرآں، چانسلراکبر علی خان نے کہا کہ رمضان کا مہینہ اپنے اردگرد ضرورت مندوں کے لیے دل کھول کر عطیات دینے اور ان کی دادرسی کرنے کا درس دیتا ہے۔ رمضان ڈرائیو ایک مستحسن عمل ہے۔۔ یہ مہینہ ہمیں فلاحی کاموں میں مشغول ہونے کی دعوت دیتا ہے، تاکہ ہماری کمیونٹیز میں ان لوگوں کی مدد کی جائے جو بھوک، غربت اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی نے کہا کہ رمضان کے روزے اورعبادات انسان کو ایک نئی روحانی طاقت دیتے ہیں اور اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے اور اپنے رویوں میں بہتری لانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔۔ذاکر علی خان فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن، محترمہ ارم اکبر نے کہا کہ رمضان ڈرائیو کا مقصدانسانیت کی خدمت کرنا ہے۔فلاحی سرگرمیاں لوگوں کے درمیان محبت،بھائی چارہ اور تعاون کا جذبہ پیدا کرتی ہے جو معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔ اجتماعی کوششوں کے ذریعے فرق پیدا کرنے کے لیے ہم سب کو اکٹھا کرنا ہے۔اس مرتبہ ممتاز ادیب و دانشور اور علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکریٹری انجینئر محمد ذاکر علی خان کی روایات کو زندہ کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان کی طرف سے ایک سے چھ گریڈ کے تقریباََ 600 ملازمین کو فی کس تین ہزار روپے عیدی دی گئی۔اس موقع پر اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ مستقبل میں عیدی کی رقم میں خاطرخواہ اضافہ کیا جائے گا۔رمضان ڈرائیو میں تقریباََ410بیگ تیار کئے گئے جو مستحق افراد میں تقسیم کئے گئے۔رمضان ڈرائیو میں سرسید یونیورسٹی کے ملک اور غیر ممالک میں مقیم فارغ التحصیل طلباء نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔سرسید یونیورسٹی کے المنائی نے آگے بھی فلاحی کاموں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔