غزہ( نمائندہ خصوصی جمعیۃ علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں سحر و افطار کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے کا دوسرا روز بھی خاندانوں کو
سحروافطار باعزت طریقے سے فراہم کیا گیا، جہاں متاثرہ خاندانوں کو ان کی دہلیز پر پکا پکایا کھانا مہیا کیا گیا۔جمعیۃ علماء اسلام کے مرکزی رہنما علامہ راشد محمود سومرو نے بتایا کہ یہ سلسلہ عیدالفطر کے دن تک جاری رہے گا تاکہ غزہ کے مظلوم عوام کو ماہِ رمضان کی برکتوں میں شریک کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیۃ علماء اسلام مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں جمعیۃ علماء اسلام کی جانب سے کیے جانے والے اس فلاحی اقدام کو عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جبکہ غزہ کے متاثرہ خاندانوں نے اس اقدام پر شکریہ ادا کیا ہے۔