اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی سے منگل کو آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد وزیر ریلوے کو وزارت کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دینا تھا۔ملاقات کے دوران خوشگوار اور گرم جوش گفتگو ہوئی جس میں ڈاکٹروں نے حنیف عباسی کو وزارت کا چارج سنبھالنے پر دلی مبارکباددی اور ریلوے کے صحت کے شعبے میں مزید تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر حنیف عباسی نے ڈاکٹروں کے وفد کا
شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے ریلوے کے ہسپتالوں میں جدید سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا جائے گا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں گے،ملاقات کے دوران حنیف عباسی نے ہسپتال کی موجودہ حالت اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج کی سہولتوں کے بارے میں بھی سوالات کئے۔ ڈاکٹروں نے وفاقی وزیر کو ہسپتال میں جاری علاج معالجے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیل سے آگاہ کیا۔وفد نے وزیر ریلوے کو دعوت دی کہ وہ آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے جنرل ہسپتال کا دورہ کریں تاکہ وہ ہسپتال کی سہولتوں اور خدمات کا براہ راست معائنہ کر سکیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے اس دعوت کو پذیرائی دیتے ہوئے دورے کے لیے جلدی وقت دینے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں اسد اللہ خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی آئی ایم سی ٹی، عزیز الرحمن، چیف آپریشن آفیسر آئی آئی ایم سی ٹی، اور ڈاکٹر عمراور ڈائریکٹر تدریسی ہسپتال آئی آئی ایم سی ٹی شامل تھے۔