کراچی(نمائندہ خصوصی)سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام عالمی یومِ تپ دق(ٹی بی ڈے) کے سلسلے میں ایک آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب سیلانی میڈیکل سینٹر، بہادرآباد چورنگی، کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد، طبی ماہرین، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔سیمینار میںچیسٹ کنسلٹنٹ، اوجھا انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز ڈاکٹر ندیم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ڈاکٹر عبدالجبار نے بطور اسپیکر تپ دق کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ مقررین نے تپ دق کی جلد تشخیص، بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹی بی ایک قابلِ علاج بیماری ہے، مگر اس کا بروقت پتہ لگانا اور مکمل علاج کرانا انتہائی ضروری ہے تاکہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔تپ دق کی علامات اور علاج کے بارے میں ماہرین نے بتایا کہ تپ دق ایک بیکٹیریا سے پیدا ہونے والی بیماری ہے جو عام طور پر پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے لیکن یہ جسم کے دوسرے حصوں کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اس کی عام علامات میں دو ہفتے یا اس سے زیادہ مسلسل کھانسی رہنا،بلغم یا خون کے ساتھ کھانسی ،بخار اور رات کے وقت زیادہ پسینہ آنا،غیر متوقع وزن میں کمی ،بھوک میں کمی اور تھکن محسوس ہوناشامل ہیں۔ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ اپنے ٹی بی کلینکس کے ذریعے عوام کو مفت اسکریننگ، تشخیص، اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ کسی بھی قسم کی مذکورہ علامات محسوس کریں تو فوری طور پر قریبی سیلانی ٹی بی کلینک سے رجوع کریں، کیونکہ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماری مزید افراد کو متاثر کر سکتی ہے۔ماہرین نے تپ دق کی روک تھام کے لیے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ مریضوں کو فوری طور پر تشخیص اور علاج فراہم کرنا،کھانستے وقت منہ کو کپڑے یا ماسک سے ڈھانپنا ،متوازن غذا کا استعمال اور قوتِ مدافعت میں اضافہ ،گھر اور دیگر بند جگہوں پر ہوا کی آمد و رفت کو بہتر بناناٹی بی کا مکمل علاج مکمل کرنا تاکہ اس کی مزاحمت (ڈرگ ریزسٹنس) نہ بڑھے۔تقریب کے اختتام پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کو تپ دق سے پاک کرنے کے لیے اپنی تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی، اور عوامی سطح پر مزید آگاہی مہمات چلائی جائیں گی تاکہ اس مہلک بیماری کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔