مکہ مکرمہ۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ ہائی کوٹ اورلاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں سے 34.5 ارب روپے کی خطیر رقم قومی خزانے میں جمع ہوئی جس سے صحت، تعلیم و دیگر عوامی فلاحی منصوبے بنائے جائیں گے،اسی طرح کے مزید اقدامات سے ہم پاکستان کو بہت جلد خود کفیل بنائیں گے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کے معاشی اصلاحات کے وژن اور ایف بی آر کی کارکردگی میں بہتری کے نتیجے میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم نے فنانس ایکٹ 2023 میں بینکوں کی اضافی آمدن ( ونڈ-فال آمدن) پر لگائے گئے ٹیکس کے حکم امتناع کے مقدمات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر قانون، وزیرِ خزانہ، اٹارنی جنرل اور چیئرمین ایف بی آر کو ان مقدمات کی پیروی کیلئے بہترین ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ گزشتہ ایک ماہ میں ٹیم کی کاوشوں کی بدولت پہلے سندھ ہائی کوٹ کے فیصلوں سے 23 ارب روپے جبکہ آج لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں سے 11.5 ارب روپے ریکور کئے گئے۔