جدہ ( نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 4 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ جلادی اور پاکستانی سفیر نے ان کا استقبال کیا، وزیراعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم 19 سے 22 مارچ 2025
تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔شہباز شریف کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار سمیت اہم وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان
آل سعود سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنما تجارت کو فروغ دینے، کلیدی شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے اور وسیع تر اقتصادی تعاون کو آسان بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔