کراچی( نمائندہ خصوصی)ایس ایچ او ماڑی پور چوہدری سلیم اور چوکی انچارج ٹرک اسٹینڈ شیر علی نے اپنے وفد کے ہمراہ سندھ گڈز ٹرک ٹرالر اونرز ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے نائب صدر حمید بلوچ، جنرل سیکرٹری محمد اعظم بٹ، جوائنٹ سیکرٹری راشد بندھانی، انفارمیشن سیکرٹری امین بلوچ، اینٹی انکروچمنٹ کے چیئرمین عرفان میمن اور ایگزیکٹو ممبر جاوید بٹنی سے ملاقات کی گئی۔ایس ایچ او چوہدری سلیم نے ٹرانسپورٹرز کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹرانسپورٹرز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات
پر زور دیا کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر بڑی رقم بینک میں جمع کروانے یا نکالنے جا رہا ہو تو پولیس سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹرز سندھ گڈز ٹرک ٹرالر اونرز ایسوسی ایشن کے ذریعے پولیس سے رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ حفاظتی اقدامات
کو یقینی بنایا جا سکے۔چوکی انچارج شیر علی نے یقین دلایا کہ ٹرک اسٹینڈ گیٹ نمبر 1 سے گیٹ نمبر 6 تک ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ملاقات میں اس بات پر
بھی اتفاق کیا گیا کہ امن و امان کے قیام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی بہتری کے لیے پولیس اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مستقل رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے ماڑی پور پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون ٹرانسپورٹرز کے لیے مزید سہولتیں فراہم کرے گا۔