لاہور ( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ ریپ یا شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کی کفالت کرنا حیاتیاتی باپ کی ذمہ داری ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے محمد افضل کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے 5 سالہ بچی کے خرچے کے دعوے سے متعلق کیس دوبارہ ٹرائل کورٹ کو بھیج دیا۔عدالت نے ٹرائل کورٹ کو شواہد کی روشنی میں دوبارہ فیصلہ کرنے اور تمام فریقین کوٹرائل کورٹ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگربچی کا بائیولوجیکل والد ثابت ہوجائے تو وہ اس کے اخراجات کا پابند ہے،ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے ٹرائل کورٹ میں بیان دیا کہ بچی اس کی نہیں ہے، دعویٰ مسترد کیا جائے، تاہم ٹرائل کورٹ نے خاتون کا دعویٰ تسلیم کرتے ہوئے بچی کا 3 ہزار روپے ماہانہ خرچہ مقرر کردیا، جس کے بعد درخواست گزار نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔