کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان راہ حق پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے اپنی مشترکہ پریس ریلیز میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اپنے نظریاتی تشخص کی اہمیت کے پیش نظر اول روز سے دشمنوں کی آنکھ کا کانٹا بناہوا ہے ، وطن عزیز کے بدخواہ عناصر مختلف پہلوؤں سے مملکت اسلامیہ کو داخلی و خارجی انتشار سے دو چار رکھنا چاہتے ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اللہ سبحانہ وتعالیٰ ، رسالت مآب ﷺ ، انبیاء کرام علیہم السلام ، صحابہ کرام ؓ ، اہلبیت اطہار ؓ ، قرآن مجید سمیت قومی مقدسات کی بدترین توہین میں کچھ شقی المزاج گروہ فعال ہیں اور یہ توہین آمیز مواد اپنی نوعیت کی بدترین گستاخی پے۔
ایف آئی اے ، سائبر کرائم ونگ ، فرانزک ڈیپارٹمنٹ سمیت ملک کے مختلف اداروں نے اس گروہ کے خلاف جو غیر معمولی اقدامات کئے وہ قابل تعریف ہیں۔ پاکستان کے مختلف وکلاء کی جانب سے اس گھناونے جرم میں ملوث افراد کے خلاف جس غیر متزلزل پیروی کا مظاہرہ کیاگیا اور مقدسات اسلام کی حرمت و ناموس کےلیے بھرپور ایمانی جرات کے مظاہرے کو راہ حق پارٹی قابل تحسین نگاہ سے دیکھتی ہے ۔پاکستان راہ حق پارٹی حکومت پاکستان کے یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے ایک دن متعین کرکے عوامی آگاہی مہم کا فیصلہ کرنے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔سربراہ پاکستان راہ حق پارٹی پیرمحمدابراہیم قاسمی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ناموس رسالت ﷺ ، ناموس صحابہ و اہلبیت اطہار ؓ ہمارے لیے اپنی جان سے زیادہ ہمیں عزیز ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہم دو عنوانات ایمان اور پاکستان پر غیر معمولی حساسیت کے حامل ہیں۔پاکستان راہ حق پارٹی کے سیکرٹری جنرل پروفیسر محمداطہراعوان نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ پیغام پاکستان ، ملی یکجہتی کونسل ، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے تناظر میں پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے متفقہ منظور ہونے والے ناموس صحابہ کرام ؓ و اہلبیت اطہار ؓ بل کو فوری منظور کرکے نافذ العمل کیاجائے۔پاکستان راہ حق پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات محمداشرف میمن نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ پیمپرا ، پی ٹی اے ، اور دیگر ریاستی ادارے سوشل میڈیا ، الیکٹرانک میڈیا پر اسلام و پاکستان کے خلاف ہونے والی گھناؤنی سازشوں کے خلاف کاروائیوں میں تیزی اور سختی لائیں اور بلاامتیاز ایسے ناپاک عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔