کراچی( رپورٹ ندیم آرائیں): سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے ایوب گوٹھ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے 12 سالہ لڑکا پستول سے گولی چلنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ چھیپا کے رضا کاروں نے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت محمد نواز کے نام سے ہوئی ہے، جو گھر میں والد کے لائسنس یافتہ پستول کے ساتھ ویڈیو بنا رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔اسپتال میں متوفی کے ماموں نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کے وقت نواز گھر پر اکیلا تھا، جبکہ والدین عید کی خریداری کے لیے باہر گئے ہوئے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، وہ پستول کے ساتھ موبائل پر ویڈیو بنا رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی، جو سیدھی اس کے سر میں لگی۔رشتے داروں کا کہنا ہے کہ متوفی اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، اور خاندان پر یہ سانحہ بجلی بن کر گرا ہے۔ دادی نے واقعے کی اطلاع دی، جس پر گھر پہنچنے پر بچے کی لاش ملی۔ اطلاعات کے مطابق، متوفی کے والد طویل عرصے سے بےروزگار ہیں، جس سے گھر میں پہلے ہی مشکلات تھیں۔پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔