پیرس۔(نمائندہ خصوصی):فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستانی خواتین کی مختلف شعبہ ہائے حیات میں ترقی کے سفر کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی پوری تاریخ میں پاکستان کی خواتین نے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج ایک خاص دن ہے جب ہم اپنی زندگیوں اور اپنے معاشروں میں خواتین کے خصوصی کردار کو بھرپور انداز میں منا رہے ہیں ۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اپنی پوری تاریخ میں پاکستان کی خواتین نے اپنے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے۔ فیملی یونٹ سے لے کر افرادی قوت تک، تعلیم سے لے کر صحت کی دیکھ بھال تک پاکستانی خواتین نے کمیونٹیز کی پرورش، علم کو آگے بڑھانے اور جدت طرازی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم انکے اس سفر کی خوشی مناتے ہیں جو انہوں نے طے کیا ہے ،وہ رکاوٹیں جو انہوں نے عبور کی ہیں اور دقیانوسی تصورات جن کو انہوں نے پاش پاش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی خواتین کے اس سفر پر فخر ہے اور ہم ایک ایسے معاشرے کی ترقی میں اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں جہاں خواتین ترقی کر سکیں اور اپنی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔