کراچی۔ (نمائندہ خصوصی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کا معاشی، معاشرتی، سماجی اور اقتصادی ترقی میں کردار قابل تحسین ہے، اس ضمن میں پاکستانی خواتین ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے مزید کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ گورنر ہائوس میں آئی ٹی کورسز میں خواتین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ گورنر ہاؤس میں "بااختیار خواتین” کے عنوان سے خصوصی پروگرامز کا انعقاد جاری ہے ۔ مساوی اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کو مزید مواقع دینا ہوں گے۔خواتین کے تحفظ، تعلیم اور معاشی خودمختاری کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ کاروباری و نجی شعبے خواتین کے لیے مساوی مواقع اور محفوظ ماحول یقینی بنائیں۔ عالمی معاہدوں کے تحت خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔